حکومت کی چھوٹے، درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے 300 ارب کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم

اسکیم کے تحت صرف ایس ایم ایز قرض حاصل کرسکیں گے، زرعی شعبے سے وابستہ اہل کاروبار بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے


ارشاد انصاری November 07, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نےچھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے 300 ارب روپے کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم مختص کر دی ہے۔

وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق اب اسکیم کے تحت صرف ایس ایم ایز قرض حاصل کرسکیں گے، زرعی شعبے سے وابستہ اہل کاروبار بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی برآمدات بڑھانے اور انہیں آسان قرضوں کی فراہمی کے لیے حکومت کا اہم فیصلہ، 300 ارب روپے کی ایکسپورٹ فنانس اسکیم صرف ایس ایم ایز کے لیے مختص کردی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی ہدایت پر مختص کی گئی رقم میں زرعی ایس ایم ایز بھی شامل ہوں گے، اسکیم کے تحت اب صرف وہ کاروبار قرض حاصل کرسکیں گے جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی مقررہ تعریف پر پورا اتریں گے۔

اسی طرح نئےقرض لینے والوں کے لیے الگ کیٹیگری ختم کردی گئی ہے، اب انہیں بھی ایس ایم ای کی شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایگزم بینک نے شریک کمرشل بینکوں کو نئی پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کر دی ہے، حکومتی اقدام کا مقصد چھوٹے کاروبار کی برآمدات میں اضافہ اور انہیں آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرنا ہے۔