سائنس دانوں نے مرگی کے ایسے مریضوں کے علاج میں اہم پیش رفت حاصل کی ہے جن پر عام ادویات اثر نہیں کرتیں۔ دماغ میں براہِ راست داخل کی جانے والی ایک تجرباتی جین تھراپی کے ذریعے مریضوں میں مرگی کے ماہانہ دوروں کی تعداد میں 90 فی صد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں تین بالغ مریضوں پر اس جدید طریقہ علاج کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق اس طریقہ علاج میں ایک تبدیل شدہ وائرس کو بطور ذریعہ استعمال کیا جاتا ہے جو دماغ کے اس مخصوص حصے تک جینیاتی مواد پہنچاتا ہے جہاں سے مرگی کے دورے شروع ہوتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں متاثرہ اعصابی خلیوں کی غیر معمولی برقی سرگرمی کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
برطانیہ میں تقریباً 6 لاکھ افراد مرگی کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ ان میں سے ہر تین میں سے تقریباً ایک مریض ایسے مرض کا شکار ہے جس پر عام ادویات مؤثر ثابت نہیں ہوتیں۔
ماہرین کے مطابق ادویات سے قابو نہ آنے والی مرگی کے دورے مریضوں کے لیے شدید جسمانی چوٹوں، ذہنی و علمی صلاحیتوں میں کمی اور قبل از وقت موت کے خطرات میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔
طبی ماہرین اس تحقیق کو اعصابی بیماریوں کے علاج میں ایک امید افزا پیشرفت قرار دے رہے ہیں۔ البتہ، اس طریقہ علاج کی افادیت اور طویل مدتی حفاظت کی تصدیق کے لیے مزید بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائلز اور طویل مدتی تحقیق ضروری ہوگی۔
ابتدائی نتائج سے امید پیدا ہوئی ہے کہ مستقبل میں جین تھراپی ان مریضوں کے لیے علاج کا ایک نیا راستہ بن سکتی ہے جو روایتی ادویات سے فائدہ حاصل نہیں کر پاتے۔