نوشہرہ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے لیے ڈیزل لے جانے والی 13 گاڑیاں پکڑی گئیں

تمام گاڑیوں اور ڈیزل کو قبضے میں لے کر ملزمان کو حوالات منتقل کردیا گیا، مالکان اور ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج



نوشہرہ:

نوشہرہ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے لیے ڈیزل لے جانے والی 13 گاڑیاں پکڑی گئیں، مالکان و ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ضلعی پولیس نے مشینری مالکان کو 3 یوم کی مہلت دیتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اپنی مشینری ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں سرپل چیک پوسٹ پر ایس ڈی پی او اکوڑہ خٹک سرکل گلشید خان کی نگرانی میں انچارج چوکی خیر آباد اے ایس آئی مختیار خان نے محکمہ معدنیات کی ٹیم کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کی۔

اس دورانِ غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال ہونے والی مشینری کے لیے ڈیزل لے جانے والی 13 گاڑیوں کو روک کر ان کے ڈرائیوروں کے خلاف منرل ایکٹ 2017 کے تحت تھانہ اکوڑہ میں مقدمات درج کرلیے گئے۔

تمام گاڑیوں اور ڈیزل کو قبضے میں لے کر ملزمان کو حوالات منتقل کر دیا گیا ہے۔