کنیڈین پریمیئر لیگ کے ایک فٹبال میچ میں مخالف ٹیم کے بال بوائے کو کہنی مارنے پر کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ کم عمر بال بوائے نے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ ملنے کی خوشی میں جشن منایا۔
واقعہ سپرا اور کیولری کی ٹیموں کے درمیان پلے آف مقابلے کے دوسرے مرحلے میں پیش آیا۔ سپرا کے کھلاڑی الیسانڈرو بیلو کی ٹیم خسارے میں تھی اور وہ تھرو اِن کے ذریعے کھیل جلد دوبارہ شروع کرنا چاہتے تھے۔
اسی دوران گیند واپس لینے کی کوشش میں بیلو اور بال بوائے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بظاہر کھلاڑی نے کم عمر لڑکے کو کہنی مار دی۔
بال بوائے نے فوراً پیچھے کی جانب گرتے ہوئے ردعمل دیا جس کے بعد معاملہ ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (وی اے آر) تک پہنچ گیا۔
وی اے آر کے جائزے کے بعد ریفری نے الیسانڈرو بیلو کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ ریڈ کارڈ ملنے پر بال بوائے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن منانا شروع کر دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔