عراق میں اہم گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ، بجلی کا بڑا بحران پیدا ہونے کا خدشہ

ڈرون حملے میں گیس ذخیرہ کرنے والے حصے کو نشانہ بنایا گیا، انجینئر


ویب ڈیسک November 08, 2026
فوٹو: الجزیرہ نیوز

عراق کے کردستان ریجن میں متحدہ عرب امارات کی ملکیت والے اہم خور مور گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد گیس کی پیداوار روک دی گئی جبکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

عرب میڈیا کے مطابق شمالی عراق میں واقع خور مور گیس فیلڈ کو رات تقریباً 11 بجے دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد گیس فیلڈ میں آگ لگ گئی اور دھوئیں کے گھنے بادل بلند ہونے لگے، جو کئی میل دور سے بھی دکھائی دیتے رہے۔

دو سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے فوراً بعد گیس فیلڈ میں پیداواری سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔ تنصیب میں کام کرنے والے ایک انجینئر نے بتایا کہ ڈرون حملے میں گیس ذخیرہ کرنے والے حصے کو نشانہ بنایا گیا۔

کردستان ریجن کے قدرتی وسائل اور بجلی کے حکام نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے دہشت گرد کارروائی قرار دیا ہے۔

وزارت بجلی کے مطابق گیس فیلڈ کی پیداوار بند ہونے سے بجلی کے قومی نظام کو تقریباً 2 ہزار 800 میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث کردستان ریجن میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

خور مور گیس فیلڈ عراق کے کردستان ریجن میں توانائی کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے جہاں پیداوار کی معطلی سے بجلی کے نظام پر نمایاں دباؤ پڑا ہے۔