ایران جنگ ختم کرانے کے لیے ٹرمپ کی نئی سفارتی کوشش، شی جن پنگ اور پیوٹن سے ملاقات متوقع

امریکی صدر کے مطابق مجوزہ ملاقاتوں میں مختلف عالمی مسائل پر بات چیت کا موقع ملے گا


ویب ڈیسک November 09, 2026

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے چین میں ہونے والے ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی توقع رکھتے ہیں۔

ان کے مطابق ان ملاقاتوں میں جوہری ہتھیاروں کے خاتمے اور ایران جنگ ختم کرنے کی کوششوں سمیت اہم عالمی معاملات زیرِ بحث آسکتے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے اتوار کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایک ملاقات صدر پیوٹن اور صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہوسکتی ہے، جو دلچسپ ہوگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ مجوزہ ملاقاتوں میں مختلف عالمی مسائل پر بات چیت کا موقع ملے گا۔ ان میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے اور جوہری تخفیف کے معاملات بھی شامل ہوسکتے ہیں۔

ایران کے ساتھ جاری جنگ کے حوالے سے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا تنازع ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس سلسلے میں پیش رفت ہورہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران پر دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے اور اسی حکمت عملی کے ذریعے جنگ کے خاتمے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تاہم ٹرمپ نے شی جن پنگ اور پیوٹن کے ساتھ ملاقاتوں کے حتمی شیڈول یا مذاکرات کے ممکنہ نکات کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔