انویڈیا کے سی ای او کا اہلیہ سے خیانت کرنے پر اہلخانہ اور ملازمین سے معذرت

امریکی انٹیلیجنس حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون بیجنگ کے لیے معلومات جمع کر رہی تھیں


ویب ڈیسک November 09, 2026

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی انویڈیا (NVIDIA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بانی جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے بیوی، بچوں اور کمپنی کے ملازمین سے معافی مانگ لی ہے۔

دوسری جانب کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ان کے ایک خاتون کاروباری شخصیت سے مبینہ تعلقات اور اس معاملے میں غیر ملکی خفیہ ادارے کی ممکنہ مداخلت کے حوالے سے آزادانہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے 8 نومبر 2026ء کو کمپنی کے ملازمین کے نام ایک خط جاری کیا، جس میں انہوں نے اپنے ذاتی فعل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اقدامات سے ان کی اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی ہے اور اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔

جینسن ہوانگ نے اپنے خط میں کہا کہ ان کے خاندان نے ہمیشہ انہیں محبت اور تعاون فراہم کیا، لیکن انہوں نے اپنی بے وفائی سے خاندان کے اعتماد کو نقصان پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی غلطی کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وقت کے ساتھ ان کا خاندان اس تکلیف سے باہر نکل سکے گا اور وہ دوبارہ اپنے اہلخانہ کا اعتماد حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے انویڈیا کے ملازمین، بورڈ، کاروباری شراکت داروں سے بھی معذرت کی اور کہا کہ کمپنی کی قیادت کرنا ان کی زندگی کا بڑا اعزاز ہے، تاہم وہ اپنے عہدے سے وابستہ اعتماد پر پورا نہیں اتر سکے۔

یہ معاملہ اس وقت مزید اہمیت اختیار کرگیا جب امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا کہ امریکی انٹیلیجنس ادارے جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ نامی ایک چینی کاروباری خاتون کے قریبی تعلقات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایلس ہوانگ سنگاپور میں قائم ڈیٹا سینٹر کمپنی میگاسپیڈ (Megaspeed) کی اعلیٰ عہدیدار رہ چکی ہیں، جو انویڈیا کی بڑی کاروباری گاہکوں میں شامل ہے۔

امریکی انٹیلیجنس حکام کو شبہ ہے کہ مذکورہ خاتون بیجنگ کے لیے معلومات جمع کر رہی تھیں اور انویڈیا کی جدید کمپیوٹر چپس تک چین کی رسائی میں کردار ادا کرنے کی کوشش کرسکتی تھیں۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات ابھی مکمل نہیں ہوئیں