راولپنڈی:
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) راولپنڈی کی آن لائن ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری فراڈ میں ملوث ملزمان کے خلاف دو کارروائیاں، شہریوں سے مجموعی طور پر 2 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ایک کارروائی میں ملزم پر راولپنڈی کے شہری محمد ارشد کو واٹس ایپ گروپ ’’v185-Wharton‘‘ کے ذریعے پرکشش سرمایہ کاری اور بھاری منافع کا لالچ دے کر مبینہ فراڈ کرنے کا الزام ہے۔
ملزم نے شہری کو آن لائن ٹریڈنگ اور انویسٹمنٹ اسکیم میں پھنسا کر مختلف بینیفشری اکاؤنٹس میں ایپ اور اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 کروڑ 10 لاکھ 18 ہزار 511 روپے منتقل کروائے، جس سے شہری کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ کارروائی کے دوران ملزم سے 14 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے جبکہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
این سی سی آئی اے کی دوسری کارروائی میں فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے شہری سے 29 لاکھ 15 ہزار 872 روپے کا فراڈ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جن سے 18 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق مدعیہ سے فیس بک پر مصباح صابر نامی آئی ڈی کے ذریعے رابطہ کیا گیا، بعد ازاں واٹس ایپ پر خود کو آن لائن بزنس مین ظاہر کرکے سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔
ملزمان نے ایک لنک شیئر کیا جس پر کلک کرنے سے شہری کے موبائل فون میں ’’Onchainus.net‘‘ نامی ایپلی کیشن انسٹال ہوگئی جس کے ذریعے اس کی محنت کی کمائی سے 29 لاکھ 15 ہزار 872 روپے ہتھیائے گئے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق دونوں کارروائیوں میں مجموعی طور پر 32 لاکھ روپے برآمد کیے گئے ہیں جبکہ فراڈ میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی اور شہریوں کی رقوم کی مکمل ریکوری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ آن لائن فراڈ، جعلی سرمایہ کاری اسکیموں اور سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہری کسی بھی سائبر جرم کی اطلاع ہیلپ لائن 1799 پر دیں یا قریبی سرکل میں رپورٹ کریں۔