راولپنڈی: شوپر کی فائرنگ سے قتل اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

ربیعہ احسن کی تقریباً 14 سال قبل احسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی


عمران اصغر November 09, 2026

راولپنڈی میں مقتولہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد میں ادا کر دی گئی

نماز جنازہ سے قبل ربیعہ احسن کی میت مرکزی جامع مسجد پہنچائی گئی تھی، گزشتہ روز راولپنڈی کی پولیس نے نجی ٹی وی چینل کی اینکر ربیعہ احسن کے گھر میں قتل کے واقعے کا مقدمہ ان کے بھائی خرم کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں دفعہ 302 کے تحت درج کیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کے بھائی خرم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انھیں فون پر اطلاع دی گئی کہ ربیعہ احسن کو ان کے شوہر نے گولی مار دی ہے۔ مدعی کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچے تو ان کی بہن خون میں لت پت پڑی تھیں اور وہ فوت ہو چکی تھیں۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی تقریباً 14 سال قبل احسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اہل خانہ، بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھتے اور سردیوں کے کپڑے نکالتے وقت ایک 30 بور پستول کپڑوں میں سے نکلا۔ گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر پستول ہاتھ میں لیے ہوئے تھا کہ اس دوران گولی چل گئی۔

تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال گھر کے کسی فرد نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے یا اختلافات کے حوالے سے بیان نہیں دیا، اس کے باوجود واقعے کی تحقیقات میں قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی۔

ابتدا میں پولیس نے ایک بیان میں صرف اتنا بتایا تھا کہ ربیعہ احسن کی لاش اڈیالہ روڈ پر واقع علاقے گلشن آباد میں ان کے گھر کے ایک کمرے سے برآمد کی گئی ہے جس پر گردن کے نیچے گولی لگنے کا نشان موجود ہے۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے۔ واقعے سے متعلق فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا  نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کا قتل ہمیں رپورٹ ہوا ہے،ربعیہ احسن کی لاش بیڈ روم سے ملی ہے، اینکر پرسن کو سامنے سے گردن کے نیچے 1 گولی لگی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے قتل کی تفتیش شروع کردی ہے، پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر آئی ہے، ہم نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے، پولیس نے مقتولہ اینکر کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے،  شواہد جمع کررہے ہیں ایف آئی آر درج کریں گے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ مقتولہ کے شوہر کو تحویل میں لے لیا گیا، آلہ قتل بھی قبضہ میں لیا گیا ہے، پی ایف ایس اے ٹیمز موقعہ سے شواہد اکٹھے کررہی ہیں، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے، میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔

پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ ملزم اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن میں 18 ویں گریڈ کا ملازم ہے،  مقتولہ کی 2 بیٹیاں ہیں، مقتولہ اینکر پرسن کا اسلام آباد میں سیلون بھی ہے، ربیعہ اور احسن نے پسند کی شادی کی تھی۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ راولپنڈی دونوں میاں بیوی میں کسی قسم کی ناچاقی نہیں تھی، قتل کے وقت مقتولہ کی ماں اور بہنیں بھی موجود تھیں۔

ملزم نے ابتدائی بیان بھی پولیس کو دے دیا جس میں کہا کہ حادثاتی طور پر گولی چلی، جو ربیعہ کو جالگی، راولپنڈی پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔

ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تفتیش کے دوران ربیعہ احسن کے شوہر نے پولیس کے سامنے یہ دعویٰ کیا کہ بندوق سے گولی ’حادثاتی طور پر چلی۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔