راولپنڈی پولیس نے اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے میں ان کے شوہر احسن طاہر کو باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا جب کہ ملزم کا ایک دن کا جسمانی ریمانڈ بھی منظور کرلیا گیا۔
ملزم شوہر کا ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا، ملزم کو کل دوبارہ عدالت میں کیا جائے گا، ربیعہ کے بھائی خرم احمد نے تھانہ صدر بیرونی میں درج مقدمے میں الزام لگایا کہ ان کی بہن پر گولی ان کے شوہر احسن طاہر نے چلائی۔
ایف آئی آر کے مطابق آٹھ نومبر کو دوپہر ڈھائی بجے ربیعہ کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں تھیں۔ بیڈ روم سے فائر کی آواز آئی۔ ربیعہ کی بہن کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ فرش پر خون میں لت پت پڑی تھیں اور احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق احسن طاہر نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اسی پستول سے اپنی اہلیہ پر فائر کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پستول کا لائسنس پیش نہیں کر سکا۔ مقدمے میں قتل کی دفعہ تین سو دو کے ساتھ پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں واقعے کے مختلف پہلو سامنے آئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کی تقریباً 14 سال قبل احسن نامی شخص سے شادی ہوئی تھی اور ابتدائی معلومات کے مطابق اہل خانہ، بیٹیوں، بہن اور والدہ نے میاں بیوی کے درمیان کسی قسم کی ناچاقی یا گھریلو تنازع کی نشاندہی نہیں کی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے باعث گھر میں گرمیوں کے کپڑے الماری میں رکھتے اور سردیوں کے کپڑے نکالتے وقت ایک 30 بور پستول کپڑوں میں سے نکلا۔ گھر میں موجود ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق شوہر پستول ہاتھ میں لیے ہوئے تھا کہ اس دوران گولی چل گئی۔
تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال گھر کے کسی فرد نے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے یا اختلافات کے حوالے سے بیان نہیں دیا، اس کے باوجود واقعے کی تحقیقات میں قتل سمیت تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے کی جانب گردن کے نچلے حصے میں گولی لگی تھی، جو ان کی موت کا سبب بنی۔
ابتدا میں پولیس نے ایک بیان میں صرف اتنا بتایا تھا کہ ربیعہ احسن کی لاش اڈیالہ روڈ پر واقع علاقے گلشن آباد میں ان کے گھر کے ایک کمرے سے برآمد کی گئی ہے جس پر گردن کے نیچے گولی لگنے کا نشان موجود ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا 30 بور پستول بظاہر بغیر لائسنس ہے۔ واقعے سے متعلق فرانزک شواہد اور نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں جبکہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا۔
سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے گلشن آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینکر پرسن ربیعہ احسن کا قتل ہمیں رپورٹ ہوا ہے،ربعیہ احسن کی لاش بیڈ روم سے ملی ہے، اینکر پرسن کو سامنے سے گردن کے نیچے 1 گولی لگی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے قتل کی تفتیش شروع کردی ہے، پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی ٹیم بھی موقع پر آئی ہے، ہم نے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرلیا ہے، پولیس نے مقتولہ اینکر کے شوہر احسن کو گرفتار کرلیا ہے، شواہد جمع کررہے ہیں ایف آئی آر درج کریں گے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ مقتولہ کے شوہر کو تحویل میں لے لیا گیا، آلہ قتل بھی قبضہ میں لیا گیا ہے، پی ایف ایس اے ٹیمز موقعہ سے شواہد اکٹھے کررہی ہیں، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے، واقعہ کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے، میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس ذرائع نے کہا تھا کہ ملزم اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن میں 18 ویں گریڈ کا ملازم ہے، مقتولہ کی 2 بیٹیاں ہیں، مقتولہ اینکر پرسن کا اسلام آباد میں سیلون بھی ہے، ربیعہ اور احسن نے پسند کی شادی کی تھی۔
پولیس ذرائع نے کہا کہ راولپنڈی دونوں میاں بیوی میں کسی قسم کی ناچاقی نہیں تھی، قتل کے وقت مقتولہ کی ماں اور بہنیں بھی موجود تھیں۔
ملزم نے ابتدائی بیان بھی پولیس کو دے دیا جس میں کہا کہ حادثاتی طور پر گولی چلی، جو ربیعہ کو جالگی، راولپنڈی پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔
ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تفتیش کے دوران ربیعہ احسن کے شوہر نے پولیس کے سامنے یہ دعویٰ کیا کہ بندوق سے گولی ’حادثاتی طور پر چلی۔‘
انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں جبکہ تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔