گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر نے سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت اپنے صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی، تاہم اب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق حاصل کیے جائیں گے۔
شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ صوبے کی سرکاری جامعات کو درپیش مالی مشکلات کے حل اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جامعات میں غیر ضروری بھرتیوں کا سلسلہ بند کیا جائے گا جبکہ وائس چانسلرز کے انتظامی امور میں کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 36 جامعات ہیں جنہیں مختلف مالی مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جامعات کو وائس چانسلرز کے فیصلوں اور احکامات کے مطابق چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کی انتظامیہ کے ساتھ ادب، احترام اور اعتماد کا رشتہ بحال کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے، جس پر وہ ان کے مشکور ہیں۔ وفاق سے عوامی فلاح و بہبود کی تمام اسکیموں میں خیبرپختونخوا کو اس کا جائز حصہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے این ایف سی سمیت ہر متعلقہ فورم پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
گورنر نے سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی کی حکومت اپنے صوبے کا مقدمہ مؤثر انداز میں لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھی، تاہم اب وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر صوبے کے حقوق حاصل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور صوبے کی پالیسی اسلام آباد میں وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت سے طے ہوگی، نہ کہ جلال آباد یا کسی دوسری جگہ سے۔
یوم اقبال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کو خودی، خودداری، آزادی فکر اور الگ قومی تشخص کا شعور دیا، اب اس عظیم خواب کو حقیقت میں بدلنے کی ذمہ داری نوجوان نسل پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبالؒ محض شاعر نہیں بلکہ عظیم مفکر اور صاحب بصیرت رہنما تھے، جنہیں نوجوان نسل سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ ان کا پیغام علم، کردار، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا پیغام ہے۔ کامیابی کے لیے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے بڑے اہداف مقرر کرنے ہوں گے۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی بیٹیوں میں ہر شعبے میں آگے بڑھنے اور قیادت کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہیں معیاری تعلیم، مساوی مواقع اور ادارہ جاتی سرپرستی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایک عورت کی تعلیم صرف ایک فرد کی تعلیم نہیں بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کی ترقی میں سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی خواتین کو تعلیم اور بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جامعات کا مقصد صرف ڈگریاں دینا نہیں بلکہ باصلاحیت، باکردار اور باشعور قیادت تیار کرنا بھی ہے۔
تقریب میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، مشیر کھیل و امور نوجوانان سرفراز علی، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ انور، جامعہ کے فیکلٹی ارکان اور طالبات نے شرکت کی۔