یوکرین کا روس کی دوسری بڑی آئل ریفائنری پر ڈرون حملہ، آگ بھڑک اٹھی

ڈرون کا ملبہ رہائشی عمارت پر گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی


ویب ڈیسک November 09, 2026

روس کے شمال مغربی علاقے لینن گراڈ میں یوکرین کے ڈرون حملے کے نتیجے میں ملک کی دوسری بڑی آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے صنعتی تنصیب کو نقصان پہنچا۔

حملے کے دوران ڈرون کا ملبہ رہائشی عمارت پر گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی، جبکہ متعدد مقامات پر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق حملہ پیر، 9 نومبر 2026ء کی علی الصبح روس کے شہر کریشی میں کیا گیا، جہاں واقع کیریشی آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا۔

کیریشی ریفائنری روس کی دوسری بڑی تیل صاف کرنے والی تنصیب ہے، جسے کیریشینفتے اورگ سنتیز بھی کہا جاتا ہے۔ اس ریفائنری میں سالانہ تقریباً 2 کروڑ میٹرک ٹن خام تیل پراسیس کرنے کی صلاحیت ہے، جو تقریباً 4 لاکھ بیرل یومیہ بنتی ہے۔

یہاں پٹرول، ڈیزل، فضائی ایندھن اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات تیار کی جاتی ہیں۔ روس کے شمال مغربی علاقوں میں ایندھن کی فراہمی کے لیے یہ تنصیب انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔