اٹلی: 2000 برس قدیم شہر کی باقیات سے پرفیوم کی نایاب شیشی برآمد

ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک الماری سے پرفیوم کی نایاب شیشی سمیت متعدد قدیم نوادرات دریافت کیے


ویب ڈیسک November 09, 2026

اٹلی کے قدیم شہر پومپئی میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ایک الماری سے پرفیوم کی نایاب شیشی سمیت متعدد قدیم نوادرات دریافت کیے ہیں۔

ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے اٹلی کے قدیم شہر پومپئی کے کھنڈرات سے تقریباً دو ہزار سال قدیم پرفیوم کی ایک منفرد شیشی دریافت کی ہے۔ یہ شیشی ایک قدیم الماری سے ملی، جس میں بچوں کے ہار، کانسی کے 38 سِکّے، سیسے کے باٹ اور آرائشی اشیا بھی موجود تھیں۔

تحقیق کے مطابق یہ الماری پومپئی کے علاقے ریجیو 9 میں ایک مکان کے پچھلے حصے سے دریافت ہوئی، جسے ممکنہ طور پر کارنیلیئس میکسیمس نامی شخص سے منسوب کیا جاتا ہے۔ تاہم، الماری پر موجود تحریری نقوش اب واضح نہیں رہے۔

پومپئی شہر 79 عیسوی میں ویسوویئس آتش فشاں کے پھٹنے کے نتیجے میں لاوے اور راکھ تلے دب گیا تھا جس کے باعث اس وقت کی زندگی کے بے شمار آثار محفوظ ہو گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تازہ دریافت سے آتش فشاں پھٹنے سے قبل قدیم رومی باشندوں کے روزمرہ معمولات، رہن سہن اور استعمال کی اشیا کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہو سکتی ہیں۔

صدیوں سے جاری کھدائیوں کے دوران پومپئی کے تقریباً دو تہائی حصے کو دریافت کیا جا چکا ہے۔

آتش فشاں پھٹنے کے وقت بظاہر یہ مکان مرمت اور تزئین و آرائش کے مراحل سے گزر رہا تھا۔

محققین نے یہ اندازہ اس مشاہدے کی بنیاد پر لگایا کہ مکان کی چھت پر کوئی آرائشی کام نہیں تھا بلکہ وہاں صرف سادہ پلستر موجود تھا۔ اس کے علاوہ ایک کھڑکی بھی بعد میں بنائی گئی تھی۔

محققین نے کھنڈرات میں باقی رہ جانے والے نشانات اور نقوش کی مدد سے الماری کو دوبارہ اپنی اصل شکل میں تیار کیا۔