روس: 5300 برس قدیم انسانی باقیات سے گردے کی پتھری دریافت

محققین نے یہ دریافت جنوب مغربی روس کے علاقے میں کانسی کے ابتدائی دور کے ایک قدیم مقبرے کی کھدائی کے دوران کی


ویب ڈیسک November 08, 2026

ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے جنوب مغربی روس میں کانسی کے دور کے ایک قدیم مقبرے سے انگور کے برابر گردے یا مثانے کی پتھری دریافت کی ہے جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کا تعلق 5300 سال قبل وفات پانے والے ایک شخص سے ہے۔

تحقیق کے مطابق یہ شخص ممکنہ طور پر پیشاب کی نالی کے دائمی انفیکشن اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار تھا جس کے باعث اسے زندگی کے آخری برسوں میں مسلسل شدید درد کا سامنا رہا ہوگا۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور روس کی لومونوسوف ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ ماہرِ بشریات نتالیہ بریزینا کے مطابق اس شخص کو دائمی انفیکشن کا سامنا تھا جو کوئی عارضی بیماری نہیں بلکہ طویل عرصے تک برقرار رہنے والی تکلیف تھی۔

محققین نے یہ دریافت جنوب مغربی روس کے علاقے اسٹاوروپول اپ لینڈ میں کانسی کے ابتدائی دور کے ایک قدیم مقبرے کی کھدائی کے دوران کی۔ یہ مقبرہ قدیم تدفینی روایت کے تحت مٹی کا بڑا ٹیلہ بنا کر تیار کیا گیا تھا جسے کرگن کہا جاتا ہے۔

کھدائی کے دوران ماہرین کو زیرِ زمین ایک قبر نما کمرہ ملا جہاں سے تقریباً 40 سالہ شخص کا ڈھانچا برآمد ہوا۔ اس کے کولہے کے قریب کوارٹز سے بنا تیر کا پھل بھی دریافت کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق قبر سے ملنے والی پتھر جیسی چیز کی ساخت اور جسامت گردے یا مثانے کی پتھری سے مطابقت رکھتی ہے جو اس دور میں انسانی صحت اور بیماریوں کی تاریخ کا اہم ثبوت فراہم کرتی ہے۔