ڈبلیو بی سی ٹائٹل، فائٹ ختم ہوتے ہی دونوں ٹیمیں گتھم گتھا

موراڈ الیف نے اوموت کامکِران کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی سلور ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا


ویب ڈیسک November 10, 2026

موراڈ الیف نے اوموت کامکِران کو شکست دے کر ڈبلیو بی سی سلور ہیوی ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ تاہم، فائٹ ختم ہوتے ہی رنگ میں دونوں باکسرز اور ان کی ٹیموں کے درمیان زبردست ہنگامہ آرائی اور ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔

روس میں پیدا ہونے والے 31 سالہ باکسر الیف اس سے قبل بھی تنازعات کا شکار رہ چکے ہیں۔ 2020 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے ان کے خواب اس وقت چکنا چور ہو گئے تھے جب انہیں ڈس کوالیفائی کر دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف انہوں نے 45 منٹ تک رنگ میں بیٹھ کر احتجاج کیا تھا۔

الیف نے استنبول میں ہونے والے مقابلے میں متفقہ فیصلے کے ذریعے اوموت کامکِران کو شکست دی۔ تاہم، فائٹ کا آخری گھنٹہ بجنے کے بعد ایک بار پھر غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی۔

2019 کے یورپی گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے الیف نے رنگ میں چکر لگاتے ہوئے تماشائیوں کی جانب مبینہ طور پر اشارہ کیا۔

اس دوران اوموت کامکِران بظاہر انہیں گلے ملنے کے لیے آگے بڑھے لیکن اچانک انہوں نے الیف پر حملہ کر دیا جس کے بعد دونوں باکسرز کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے رنگ میدانِ جنگ بن گیا۔

دونوں باکسرز کی ٹیموں، آفیشلز اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد صورت حال پر قابو پانے کے لیے رنگ میں کود پڑی جبکہ ہنگامہ آرائی کے باعث مقابلے کے بعد کا ماحول شدید کشیدہ ہو گیا۔