کیا انصاف کیلیے لائبہ کی طرح ہمیں بھی مرنا پڑے گا؟ متاثرہ تین لڑکیاں سامنے آگئیں

متاثرہ لڑکیوں کی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف اور ازالے کا مطالبہ


نعیم اصغر November 09, 2026

وفاقی دارالحکومت میں فراڈ کا شکار ہوکر خودکشی کرنے والی یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ لڑکی کے کیس کو پولیس نے کلوز کردیا جس کے بعد دیگر متاثرہ لڑکیاں بھی سامنے آگئی اور انہوں نے انصاف کی اپیل کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لائبہ کیس کے مرکزی ملزم کی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاکت کے بعد پولیس نے کیس کو کلوز کردیا جبکہ ملزم کے فراڈ کی شکار دیگر لڑکیاں تاحال اپنی رقم برآمدگی کی منتظر ہیں۔

متاثرہ لڑکیوں نے اپیل کی ہے کہ اگر ملزم مارا جاچکا ہے تو ہم انصاف کس سے مانگیں، کیا ہمیں بھی انصاف لینے کیلئے مرنا پڑے گا؟

متاثرہ لڑکیوں نے مریم نواز اور محسن نقوی سے انصاف اور نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا جاچکا ہے جبکہ اس کیس میں کوئی شریک ملزم نہیں تھا اس لیے فائل کو بند کیا جاچکا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانے میں درج مقدمے میں متاثرہ فیملی کی رقم بھی واپس کی جاچکی ہے جبکہ ملزم دھوکہ دہی کیلئے اے آئی کا استعمال کررہا تھا۔