پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے حاملہ خواتین اور زچگی کے بعد ان کے ساتھ اچھے برتاؤ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عورت حمل اور بچے کی پیدائش کے بعد اس کے ساتھ کیے گئے سلوک کو کبھی نہیں بھولتی۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں بالواسطہ طور پر ان لوگوں کو مخاطب کیا جو حمل کے دوران اور بعد میں خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ عورت کی زندگی کا حساس وقت ہوتا ہے، اس لیے اسے محبت، احترام اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان ان دنوں اپنی ذاتی زندگی کے خوشگوار مرحلے سے گزر رہی ہیں اور دوسرے بچے کی آمد کی منتظر ہیں۔ ان کے پہلے بیٹے اذلان ہیں جبکہ یہ اداکارہ کی اپنے شوہر سلیم کریم سے پہلی اولاد ہوگی۔
41 سال کی عمر میں حمل کے اعلان کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے تنقید کے بجائے مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور دعاؤں پر توجہ رکھی۔