کراچی، پی آئی اے نے شفافیت کے لیے تمام ملازمین کو ڈسکلوزر فارم جمع کرانے کی ہدایت کر دی

انتظامیہ نے ڈسکلوژر فارم جمع کرانے کے لیے 9 نومبر آخری تاریخ مقرر کی تھی


آفتاب خان November 09, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ملازمین سے ادارے میں کام کرنے والے اپنے رشتے داروں، کاروباری روابط اور مفادات سے متعلق تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ملازمین کو اپنے والدین، بہن بھائیوں، شریک حیات سمیت دیگر قریبی رشتے داروں کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔

اس کے علاوہ ادارے میں کام کرنے والے تھرڈ پارٹی اور آؤٹ سورس ملازمین سے تعلقات بھی ڈسکلوز کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ملازمین سے پی آئی اے کے کاروباری شراکت داروں، سپلائرز اور کنٹریکٹرز سے روابط کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، جبکہ انہیں اپنے رشتے داروں کے کاروباری مفادات اور متعلقہ روابط سے بھی انتظامیہ کو آگاہ کرنا ہوگا۔

معلومات ادارے میں مفادات کے حقیقی یا ممکنہ ٹکراؤ کی نشاندہی، شفافیت کے فروغ اور درست ریکارڈ برقرار رکھنے کے لیے جمع کی جارہی ہیں۔

فراہم کردہ معلومات کو خفیہ رکھا جائے گا اور صرف مجاز حکام کو ان تک رسائی حاصل ہوگی۔پی آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے، متعلقہ تعلقات چھپانے یا ڈسکلوژر فارم جمع نہ کرانے والے ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

انتظامیہ نے ڈسکلوژر فارم جمع کرانے کے لیے 9 نومبر آخری تاریخ مقرر کی تھی۔ فارم پی آئی اے کے ای آر پی مین پیج پر دستیاب ہے۔