گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا ٹائٹل کوئٹہ بیئرز نے اپنے نام کر لیا

فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین تھے


سردار حمید خان November 10, 2026

کوئٹہ:

ایف سی بلوچستان نارتھ کے تعاون سے منعقدہ گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا سنسنی خیز فائنل کوئٹہ کینٹ کے چاغی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں کوئٹہ بیئرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاغی اسکارپیئنز کو 32 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی چیمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی۔

فائنل میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا جبکہ اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ نے بھی مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین تھے۔

جبکہ آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل عاطف مجتبیٰ سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقین کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

فائنل مقابلے میں کوئٹہ بیئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 196 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیاجواب میں چاغی اسکارپیئنز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بھرپور کوشش کے باوجود مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی اور 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اس طرح کوئٹہ بیئرز نے 32 رنز کے واضح مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

میچ کے اختتام پر منعقدہ تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب میں مہمان خصوصی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کوئٹہ بیئرز کو 15 لاکھ روپے نقد انعام کے ساتھ ونر ٹرافی دی گئی، جبکہ رنر اپ ٹیم چاغی اسکارپیئنز کو 7 لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی سے نوازا گیا۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور بلوچستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

تقریب کے اختتام پر چاغی اسٹیڈیم میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے تقریب کی رونق کو مزید دوبالا کردیا۔ رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگاتے اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے آتش بازی سے خوب لطف اٹھایا۔

گرینڈ بلوچستان کرکٹ لیگ کا یہ فائنل بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اور یادگار ایونٹ ثابت ہوا۔