گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے؛ کروڑوں کی چوری میں ڈرائیور ہی ملوث نکلا

گرفتار ملزمان کی شناخت ندیم اکبر اور سہیل کے نام سے ہوئی ہے، پولیس حکام


ساجد رؤف November 10, 2026

کراچی:

باتھ آئی لینڈ کے علاقے میں گھر کے اندر واردات میں ملوث گھریلو ڈرائیور سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی ساؤتھ انویسٹی گیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر اہم ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی توحید رحمان کے مطابق گھر میں چوری کی واردات کا مقدمہ 6 نومبر کو تھانہ بوٹ بیسن میں درج کیا گیا تھا، جس کے مطابق  ملزمان گھر سے سونے کے 10 بسکٹ، زیورات اور 50 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت ندیم اکبر اور سہیل کے نام سے ہوئی ہے، جن کے قبضے سے 10 تولہ وزنی سونے کے 6 بسکٹ اور 5 لاکھ روپے نقدی برآمد کرلی گئی۔ برآمد کیے گئے 60 تولہ سونے کے بسکٹ کی مجموعی مالیت تقریباً 2 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد بتائی جارہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور مزید تفتیش جاری ہے۔