کراچی:
انسداد منشیات عدالت میں ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جیل حکام نے ملزمہ انمول پنکی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمہ نسیم بی بی کی کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں، جس پر عدالت نے شریک ملزمہ نسیم بی بی کو مفرور قرار دے دیا۔
عدالت نے ملزمہ نسیم بی بی اور جاوید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان سے متعلق اشتہارات شائع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے انمول پنکی کو مقدمے کی نقول کی فراہمی کے لیے 24 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔
عدالت نے قرار دیا کہ مقدمے کی نقول کی فراہمی کے بعد ملزمہ پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمہ انمول عرف پنکی کے اثاثے ضبطی کی درخواست پر دلائل بھی طلب کرلیے۔
یاد رہے کہ اے این ایف نے اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت جرائم کی آمدنی سے حاصل اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔