لاہور:
لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کے خلاف درخواستوں پر کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نے شیخ امتیاز محمود اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے آفس ہائیکورٹ کو 10 روز کے اندر مین کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے 7 نومبر کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا عندیہ دیا ہے۔ یہ انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرائے جا رہے ہیں، جبکہ اس الیکشن کے لیے بیوروکریسی کو وسیع اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ فنڈز کی بندر بانٹ کی جا رہی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروانے کا حکم دیا جائے۔