امریکا کے سامنے ایران کی سات شرائط ، محسن رضائی نے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کردیا

واشنگٹن ایک مایوس جواری کی طرح مسلسل کوششیں کر رہا ہے، سیکریٹر نشنل سکیورٹی کونسل


ویب ڈیسک November 10, 2026

تہران: ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنگ ختم کرنے کے لیے تہران کی پیش کردہ سات شرائط تسلیم کرے۔ انہوں نے واشنگٹن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اب ایران کے مطالبات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کا وقت آگیا ہے۔

محسن رضائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں امریکی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایران کے خلاف جنگ نے امریکی حکومت کو پہلے ہی شدید نقصان پہنچایا ہے، لیکن واشنگٹن ایک مایوس جواری کی طرح مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔

رضائی نے اپنے بیان میں امریکا سے کہا کہ وہ غیر حقیقی مذاکرات سے متعلق خبریں پھیلانا بند کرے اور مغربی ایشیا میں ابھرنے والی نئی علاقائی صورت حال کو تسلیم کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ امریکا ایران کی جانب سے بار بار پیش کی جانے والی سات شرائط تسلیم کرے، جنہیں تہران تنازع کے خاتمے کے لیے ضروری قرار دیتا رہا ہے۔

محسن رضائی کے بیان میں ایران کی ان سات شرائط کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔ تاہم ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں اور ثالثی کی کوششیں جاری ہیں۔

ایرانی قیادت کی جانب سے سخت بیانات اور امریکا کی جانب سے ممکنہ معاہدے کی باتوں کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان کسی حتمی سمجھوتے کا اعلان نہیں کیا گیا۔