کراچی:
سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے نارتھ کراچی میں نادہندگی کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کیخلاف درخواست خارج کرتے ہوئے نیپرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
ہائیکورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو نارتھ کراچی میں نادہندگی کی بنیاد پر لوڈ شیڈنگ کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے سحر پیلس گرڈ پر 38 فیصد سے زیادہ نادہندگی کے باعث گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
وکیل کے مطابق پشاور ہائیکورٹ قرار دے چکی ہے کہ کمپوزٹ ایفیشینسی انڈیکس کی بنیاد پر بل ادا کرنیوالے صارفین کو سزا نہیں دی جاسکتی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ سے پہلے نیپرا کا ادارہ دادرسی کے لیے موجود ہے وہاں پراسیس مکمل کیا جائے۔
عدالت نے درخواست گزار کو نیپرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔