اینکر پرسن ربیعہ قتل کیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری، اہم انکشافات سامنے آگئے

پولیس کو تاحال غیرت کے نام پر قتل کا کوئی بھی ثبوت نہیں ملا، ذرائع کا دعویٰ


عمران اصغر November 10, 2026


راولپنڈی میں خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس کی تفتیش جاری ہے، پولیس آج ربیعہ کے شوہر احسن طاہر کو عدالت میں پیش کر کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ربیعہ کو گردن سے نیچے ایک گولی لگی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم میں جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کو ربیعہ احسن اور ان کے شوہر الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے۔ اسی دوران الماری سے پستول نکلا اور فائر ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق گولی ربیعہ کو سامنے سے لگی اور کمر سے باہر نکل گئی۔

پوسٹ مارٹم کے دوران لیے گئے نمونے لاہور کی فرانزک لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سے برآمد پستول اور گولی کا خول بھی لاہور بھیجا جا رہا ہے۔

فرانزک جانچ سے معلوم ہو گا کہ فائر برآمد شدہ پستول سے ہوا تھا یا نہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیعہ کے اہل خانہ ابتدا میں واقعے کو حادثہ سمجھتے تھے اور قتل کا مقدمہ درج کرانے پر آمادہ نہیں تھے۔ مقدمہ بعد میں ربیعہ کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں درج ہوا۔

خرم احمد نے گزشتہ روز کہا تھا کہ خاندان نے مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، پولیس نے پندرہ سالہ گھریلو ملازم کو گھر واپس بھیج دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسے دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ پولیس کو تاحال غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ تھانہ صدر بیرونی کی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا معائنہ کرے گی۔