تہران: ایران کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے جنوبی حصے میں ایک چٹان پر نصب نیویگیشن سسٹم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی حکام کا الزام ہے کہ ان سسٹمز کو امریکا تیل کی مبینہ اسمگلنگ میں سہولت فراہم کرنے کے لیے استعمال کر رہا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے ڈان کی لائیو رپورٹ کے مطابق ایرانی مسلح افواج نے کہا ہے کہ کارروائی کا ہدف آبنائے ہرمز کے جنوبی علاقے میں موجود ایک چٹان پر نصب بحری نیویگیشن آلات تھے۔
ایرانی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا ان نیویگیشن سسٹمز کو تیل کی اسمگلنگ میں مدد کے لیے استعمال کر رہا تھا۔ تاہم ایرانی بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان سسٹمز کو کس طریقے سے نشانہ بنایا گیا، انہیں کتنا نقصان پہنچا یا کارروائی میں کون سے ہتھیار استعمال ہوئے۔
امریکا کی جانب سے اس الزام یا ایرانی کارروائی کے دعوے پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ واقعے کی آزادانہ تصدیق بھی دستیاب نہیں ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے ایک اہم بحری گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل اور دیگر توانائی مصنوعات کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس علاقے میں کسی بھی فوجی کارروائی یا نیویگیشن نظام میں خلل سے بحری آمدورفت اور عالمی توانائی منڈی متاثر ہوسکتی ہے۔