بلوچستان ہائی کورٹ نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور سابق چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی، جبکہ مقتول کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالت عالیہ بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف سرکار کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی عدالت نے اپیل منظور کرتے ہوئے فاضل ایڈیشنل سیشن جج-VI اور ماڈل کریمنل ٹرائل کورٹ-II کوئٹہ کی جانب سے 4 ستمبر 2020 کو سنائے گئے بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت عالیہ نے عبدالمجید اچکزئی کو تیز رفتاری، غفلت اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کے دوران ڈیوٹی پر مامور ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کو گاڑی سے کچلنے کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہونے کے جرم میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیاعدالت نے مجرم عبدالمجید اچکزئی کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سناتے ہوئے مقتول کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
اعلامیے کے مطابق عدالت عالیہ نے فاضل ایڈیشنل سیشن جج-VI، کوئٹہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ ضمانت پر موجود مجرم عبدالمجید اچکزئی کی فوری گرفتاری اور سزا پر عمل درآمد کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں عدالت نے متعلقہ حکام کو بھی ہدایت کی ہے کہ وارنٹ گرفتاری پر قانون کے مطابق فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مجرم کو سزا بھگتنے کے لیے جیل منتقل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ جون 2017 میں کوئٹہ کے مصروف جی پی او چوک، زرغون روڈ پر پیش آیا تھا، جہاں ڈیوٹی پر مامور ٹریفک سارجنٹ حاجی عطااللہ ایک تیز رفتار لینڈ کروزر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھےواقعے کے بعد عبدالمجید اچکزئی کو مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔
کیس کی سماعت کے بعد ٹرائل کورٹ نے 4 ستمبر 2020 کو عبدالمجید اچکزئی کو بری کردیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی تھی بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے سرکاری اپیل منظور کرتے ہوئے سابقہ بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور عبدالمجید اچکزئی کو جرم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔