اسلام آباد:
وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی اداروں کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف سرکاری کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے متعلق اہم انتظامی تجاویز کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ میں آج ہونے والے اس اہم اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی کے علاوہ متعلقہ وفاقی سیکریٹریز، مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی
کے سامنے سرکاری اداروں کے انتظامی ڈھانچے اور بورڈز میں تقرریوں سے متعلق 2 اہم معاملات پیش کیے گئے۔
پہلی تجویز کے تحت نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کے چیئرمین یا آزاد ڈائریکٹر کی تقرری پر غور کیا گیا، جبکہ دوسری تجویز میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنو تشکیل اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) کے بورڈ میں ایک آزاد ڈائریکٹر کی تقرری شامل تھی اور تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے دونوں تجاویز کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کے بورڈز میں بطور عہدہ خدمات انجام دینے والے حکومتی نمائندوں کا انتخاب مناسب اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
انہوں نے زور دیا کہ متعلقہ افسران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل ہوں اور انہیں اپنے اداروں، وزارتوں اور ڈویژنز کے امور کا ضروری فہم حاصل ہو، تاکہ وہ مؤثر انداز میں نمائندگی کرسکیں۔