ایسا لگ رہا ہے ایمرجنسی کا نفاذ دہشتگردی نہیں تجاوزات کیخلاف ہے، عطا الرحمان

حکومت تجاوز کررہی ہے، اگر ان میں جرات ہے تو مولانا کو گرفتار کریں، صوبائی میر جے یو آئی


ویب ڈیسک November 10, 2026

پشاور:

جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر سینیٹر عطاء الرحمان نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے ایمرجنسی کا نفاذ دہشتگردی نہیں بلکہ تجاوزات کے خلاف ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدامنی روکنے کے لئے دہشتگردوں کا راستہ روکنے کے بجائے عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے، تجاوزات کے نام پر عوام کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ جے یو آئی نے پہلے دن سے ایمرجنسی اور گورنر راج کو مسترد کیا ہے۔

مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ صوبے کے پرامن کاروباری عوام کے خلاف آپریشن ہورہا ہے، تجاوزات کے نام پر عوام کی ملکیتی جائیداد میں کاروائی کی گئی۔ صوبے کے عوام کو پریشان کرنے کے لئے ایمرجنسی لگائی گئی ہے، مفتی محمود مرکز کے تمام دستاویزات ہمارے پاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے نام پر ہماری مسجد کو گرانے کے لئے نقشہ بھی بن چکا ہے، ایسا لگتا ہے کہ حکومت تجاوز کررہی ہے، اگر ان میں جرات ہے تو مولانا کو گرفتار کریں۔

مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ گورنر ہوش کے ناخن لیں، اگر یہی روش رہی تو ہم بھی بتا دیں گے کہ گورنر کے بھائی نے کہاں بیٹھ کر بازار گرم کررکھا ہے، عام شہری کو پریشان کرنے کی بجائے قیام امن کے لئے اپنی ذمہ داری پر توجہ دے۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کی بحالی کے لئے عوام کے پاس کیوں نہیں جاتے، قبائلی عوام سے پوچھا جائے کہ وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں یا فاٹا کی بحالی چاہتے ہیں۔