اسلام آباد:
کرپٹو اثاثوں کی چوری کے بعد پاکستان کے کرپٹو صارفین کے تحفظ کیلئے بڑا قدم اٹھالیا گیا۔
ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کے باضابطہ قیام کا اعلان کردیا گیا، ایشیاء ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف کو ویپ کی پہلی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے، ایچ ٹی ایکس کے کنٹری مینیجر سید احتشام حمدانی سینئر وائس چیئرمین ہوں گے۔
اسلام آباد میں ورچوئل اثاثہ جات الائنس کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کرپٹو کرنسی صارفین اور کاروباری اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی ہے۔
احتشام حمدانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرپٹو اپنانے کے عالمی انڈیکس میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے، پاکستان میں کرپٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا تخمینہ غیرمصدقہ ہے، کرپٹو صارفین کی تعداد سے متعلق آزادانہ تصدیق شدہ اعدادوشمار دستیاب نہیں ہیں۔
احتشام حمدانی نے کہا کہ ویپ کا کرپٹو صارفین سے متعلق مستند ڈیٹا جمع کرنے کا منصوبہ ہے، اتحاد کا مقصد سرمایہ کاروں کی آگاہی اور سائبر سیکیورٹی تعلیم کو فروغ دینا ہے، ویپ کی قیادت ہنزہ آصف کریں گی جو ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہیں۔
احتشام حمدانی نے کہا کہ اتحاد میں صنعت کے ماہرین اور اہم شخصیات بھی شامل ہوگئیں، ویپ ذمہ دارانہ مارکیٹ سرگرمیوں اور شواہد پر مبنی پالیسی مکالمے کو فروغ دے گا، اتحاد کا مقصد پاکستان میں کرپٹو مارکیٹ کو شفاف اور ذمہ دار بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویپ کے منصوبے میں آزادانہ تحقیق اور مقامی اداروں سے تعاون شامل ہے، ویپ نے واضح کیا کہ اسے کوئی ریگولیٹری اختیار یا حکومتی توثیق حاصل نہیں، اتحاد پاکستان کی ورچوئل اثاثہ صنعت کو منظم اور مؤثر بنانے کا خواہاں ہے۔ ویپ کے مطابق عالمی تجربات سے پاکستان کی ڈیجیٹل اثاثہ صنعت مستفید ہوگی۔