لاہور میں اسموگ کے باعث دوسرے ٹیسٹ کے وینیو میں تبدیلی کا امکان

لاہور میں گزشتہ چند روز سے اسموگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد پی سی بی حکام متبادل پلان کا سوچ رہے ہیں


اسپورٹس ڈیسک November 10, 2026

لاہور میں بڑھتی اسموگ کی وجہ سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی منتقل ہونےکا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام لاہور کے موسم سے پریشان ہیں جس کے بعد میچ کو لاہور سے شفٹ کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے تاہم اس معاملے پر مشاورت ابھی تک ابتدائی مرحلے میں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر اس تجویز پر عمل درآمد ہوتا ہے تو پھر دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی بھی راولپنڈی ہی کرے گا۔

لاہور میں گزشتہ چند روز سے اسموگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد پی سی بی حکام میچ کے لیے متبادل پلان کا سوچ رہے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ اس وقت راولپنڈی میں جاری ہے جہاں اسموگ  کی شدت بہت کم ہے۔