سینئر اداکارہ حمیرا ظہیر کی طبیعت تشویشناک

بشریٰ انصاری کے مطابق حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں


ویب ڈیسک November 10, 2026

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حمیرا ظہیر کی طبیعت تشویشناک ہونے پر معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست کر دی۔

بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ حمیرا ظہیر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی جس کے بعد انہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا۔

بشریٰ انصاری کے مطابق حمیرا ظہیر گزشتہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی صحت میں اب تک کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور اداکار بہروز سبزواری روزانہ اسپتال جا کر ان کی عیادت کر رہے ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ حمیرا ظہیر سے ان کی دوستی 54 سال پرانی ہے، دونوں بچپن سے ایک دوسرے کو جانتی ہیں اور ساتھ ٹی وی پروگرام میں گانے کے علاوہ کالج بھی جاتی تھیں۔

بشریٰ انصاری نے مداحوں سے اپنی دیرینہ دوست کی مکمل صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی۔