خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی پر افغانستان کے خلاف کرکٹ بائیکاٹ میں اسکاٹ لینڈ بھی شامل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں کے خلاف بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ افغانستان کے ساتھ کوئی دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گا۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے بورڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ روابط کا جائزہ لینے کے بعد نئی پالیسی متعارف کرائی ہے۔
بورڈ کے مطابق افغانستان کے خلاف صرف اسی صورت میں میچز کھیلے جائیں گے جب آئی سی سی ایونٹس کے تحت ایسا کرنا ضروری ہو جس میں وارم اپ میچز بھی شامل ہیں۔
اسکاٹ لینڈ نے واضح کیا ہے کہ جب تک افغانستان میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی صورتحال میں نمایاں بہتری نہیں آتی وہ خود سے افغانستان کے ساتھ کسی سیریز کا شیڈول نہیں بنائے گا۔
دوسری جانب افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں اسکاٹ لینڈ کے اوپننگ بیٹر جارج منسی کو منتخب کیا گیا ہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ لیگ کو آئی سی سی کی منظوری ملنے کی صورت میں منسی کو این او سی جاری کیا جائے گا تاہم ان کی شرکت کو افغان حکومت کی پالیسیوں کی حمایت نہیں سمجھا جائے گا۔