کراچی: کم عمر بچی سے جنسی ہراسانی کا جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 14 برس قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا

متاثرہ نابالغ بچی کی رضامندی کی قانون میں کوئی حیثیت نہیں، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی


ناصر بٹ November 10, 2026
پاکستان ریکوڈک معاملہ عدالت سے باہر طے کرنے کی ایک اور کوشش کرنے جا رہا ہے، ذرائع۔ فوٹو:فائل

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی نے لیاقت آباد میں کم عمر بچی سے جنسی ہراسانی کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم یاسر کو 14 برس قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنادی۔

عدالت نے کہا کہ متاثرہ نابالغ بچی کی رضامندی کی قانون میں کوئی حیثیت نہیں، کم عمر لڑکی کا مرضی سے ملزم کے ساتھ جانا اجازت تسلیم نہیں کیا جاسکتا،  متاثرہ لڑکی کی جانب سے دوران ٹرائل ملزم کو معاف کیا گیا، جنسی استحصال سے ناقابل راضی جرم میں معافی ملزم کی بریت کی بنیاد نہیں بن سکتی۔

عدالت کے مطابق تفتیشی افسر کی جانب سے متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ یا جائے وقوعہ کا معائنہ نا کرنا تفتیشی خامی ہے،  جج مرزا توصیف احمد نے کہا کہ تفتیش کی خامی کی بنیاد پر ملزم کو بری نہیں کیا جاسکتا۔

عدالت نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کی قابل اعتماد گواہی جنسی استحصال کے جرم کو ثابت کرنے کے لئے کافی ہے، پراسیکیوٹر حنا ناز نے کہا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ 2023 میں لیاقت آباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔