کراچی میں پی آئی اے انجنیئر کے جاں بحق ہونے کا کیس حل

پولیس کے مطابق شہری جاوید ابڑو نے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ڈکیت پر گولیاں چلائیں جو پی آئی اے انجینئر کو لگی


ساجد رؤف November 10, 2026

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں 10 روز قبل قبل ہونے والے پی آئی اے انجنیئر کی ہلاکت کا معمہ حل ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلستان جوہربلاک 13 میں 10 روز قبل فائرنگ سے پی آئی اے کےانجینیئر54 سالہ امتیازاحمد کے جاں بحق ہونے کا واقعہ ڈکیتی کے دوران پیش آیا، شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس کی زد میں انجینئر آگئے۔

یکم نومبر کو موٹرسائیکل سوار ملزم اسلحے کے زور پر شہری شوکت ابڑوسے لوٹ مار کرکے فرار ہوا جس پر شوکت ابڑو نے نیفے سے پستول نکال کرملزم پر فائرنگ کی جبکہ موٹرسائیکل سوار ملزم بچ کر فرار ہوگیا لیکن گولی گھر سے روٹی لینے کیلیے نکلنے والے پی آئی اے کےانجینیئر امتیاز احمد کو لگی جس میں وہ جاں بحق ہوگئے۔

حادثے کے بعد فائرنگ کرنے والا شہری شوکت ابڑو موقع پرسے فرارہوگیا تھا تاہم پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کیں۔

پولیس کے مطابق شہری شوکت ابڑو نے عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی جبکہ گزشتہ روزشامل تفتیش بھی ہوگیا ہے۔ 

پولیس کا کہنا ہے کہ شوکت ابڑو سے لوٹ مارکرنے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔