اسلام آباد؛ ویکسین خریداری میں اربوں کی مبینہ کرپش کیس میں اہم پیشرفت

ملزمان پر ویکسین کے 5 سالہ ٹھیکے میں سنگین مالی بے ضابطگیوں اور من پسند کمپنی کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے


فیاض محمود November 10, 2026
فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں زیرسماعت ویکسین کی خریداری میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کیس میں اہم پیش رفت ہوئی جہاں گرفتار ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے ملزم عثمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے گرفتار ملزم عثمان محمد وصال کا  14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کیا اور ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، ملزم عثمان کو کراچی سے گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالت نے ایف آئی اے کو جلد مقدمے کا چالان جمع کروانے کی ہدایت کی، مقدمے میں گرفتار دیگر ملزمان پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

گرفتار ملزمان پر ویکسین کے 5 سالہ ٹھیکے میں سنگین مالی بے ضابطگیوں اور من پسند کمپنی کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔

ملزمان پر قومی خزانے کو تقریباً 2.445 ارب روپے کا بھاری نقصان پہنچنے کا الزام ہے۔