’ایونجرز: ڈومزڈے‘ میں وولورین کا کردار ڈاکٹر ڈوم کےلیے خطرہ؟

فلم میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کے ڈاکٹر ڈوم کے مقابلے میں وولورین کی ممکنہ واپسی کو ایک اہم موڑ قرار دیا جارہا ہے


ویب ڈیسک November 10, 2026

مارول کی آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومزڈے‘ میں سپر ہیروز کی بڑی تعداد ایک ساتھ نظر آنے والی ہے، تاہم مداحوں کی نظریں اب بھی اس بات پر لگی ہیں کہ کیا ہیو جیک مین ایک مرتبہ پھر وولورین کا کردار ادا کریں گے؟

فلم میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کے ڈاکٹر ڈوم کے مقابلے میں وولورین کی ممکنہ واپسی کو ایک اہم موڑ قرار دیا جارہا ہے، لیکن مارول نے تاحال اس کی تصدیق نہیں کی۔

وولورین کا کردار ادا کرنے والے ہیو جیک مین نے 2017 کی فلم ’لوگن‘ میں اس کردار کو الوداع کہہ دیا تھا۔ اس فلم میں وولورین کی موت دکھائی گئی اور جیک مین نے بھی اس وقت واضح کیا تھا کہ وہ اب دوبارہ یہ کردار نہیں نبھائیں گے۔

تاہم 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈیڈپول اینڈ وولورین‘ کے ذریعے ان کی واپسی ہوگئی۔ اس فلم میں دکھایا گیا وولورین وہی لوگن نہیں تھا جو ’لوگن‘ میں مرگیا تھا، بلکہ وہ ایک متبادل ٹائم لائن سے تعلق رکھنے والا کردار تھا۔ مارول کی اس کہانی کو مداحوں نے پسند کیا اور فلم نے دنیا بھر میں تقریباً ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کا بزنس کیا۔

مارول کی فلموں میں اکثر کاسٹ کے اعلان کے بعد بھی کئی اہم کرداروں کی شمولیت کے بارے میں تجسس برقرار رہتا ہے۔ ’ایونجرز: ڈومزڈے‘ میں ایونجرز، ایکس مین اور فینٹاسٹک فور کے متعدد کردار شامل ہیں، لیکن ابتدائی طور پر جاری کی گئی فہرست میں وولورین کا نام موجود نہیں تھا۔

اس کے باوجود دی پلے لسٹ کی رپورٹ کے مطابق مارول اسٹوڈیوز کی ڈی 23 پریزنٹیشن کے دوران ہیو جیک مین اور ریان رینالڈز ایک مزاحیہ ویڈیو میں دکھائی دیے، جس میں ڈیڈپول اور وولورین آنے والی ایونجرز فلم میں جگہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ اس ویڈیو سے دونوں اداکاروں کی فلم میں ممکنہ واپسی کی قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں۔

ویڈیو میں ہیو جیک مین نے کہا کہ اتنی بڑی کاسٹ والی فلم میں ان کے لیے زیادہ کچھ کرنے کی گنجائش نہیں ہوگی، تاہم وہ ریان رینالڈز کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ انہیں بھی فلم میں شامل کرلیا جائے۔ اس کے باوجود مارول کی جانب سے دونوں کرداروں کی واپسی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

ٹی وی پروگرام ’دی ویو‘ میں بھی جب جیک مین سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ’ایونجرز: ڈومزڈے‘ میں نظر آئیں گے تو انہوں نے کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ البتہ مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر وولورین فلم میں آیا تو شاید باقی تمام کرداروں پر حاوی ہوجائے گا اور انہیں تباہ کردے گا۔ بعد ازاں انہوں نے واضح کیا کہ اس بارے میں ان کے پاس بتانے کے لیے کچھ نہیں۔

کیا وولورین ڈاکٹر ڈوم کے خلاف اہم ہتھیار ثابت ہوسکتا ہے؟

مارول نے اس حوالے سے کوئی اشارہ نہیں دیا، لیکن کہانی کے ممکنہ تناظر میں وولورین کو ڈاکٹر ڈوم کے لیے ایک مشکل حریف تصور کیا جارہا ہے۔ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کا ادا کردہ ڈاکٹر ڈوم ایک ایسا طاقتور ولن ہوگا جو صرف جسمانی طاقت کے بجائے ذہانت اور منصوبہ بندی سے اپنے مخالفین کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

دوسری طرف وولورین کی سب سے بڑی طاقت اس کی غیر معمولی شفا یابی کی صلاحیت اور ایڈمینٹیم سے بنا ناقابلِ شکست ہڈیوں کا ڈھانچا ہے۔ وہ شدید زخموں سے بھی صحت یاب ہوسکتا ہے اور کسی منصوبے کا انتظار کیے بغیر دشمن پر حملہ کرنے سے گریز نہیں کرتا۔ اس لیے قیاس کیا جارہا ہے کہ ایسا کردار ڈاکٹر ڈوم کی منصوبہ بندی میں ایک غیر متوقع رکاوٹ بن سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ملٹی ورس کی کہانی بھی وولورین کی واپسی کے امکانات کو دلچسپ بناتی ہے۔ ’ڈیڈپول اینڈ وولورین‘ میں دکھایا گیا لوگن اپنی زندگی کے بدترین حالات سے گزر چکا ہے۔ ایسے کردار کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہ ہو تو وہ کسی بڑے معرکے میں خطرناک اتحادی ثابت ہوسکتا ہے۔

تاہم یہ تمام باتیں فی الحال قیاس آرائیاں ہیں، حقیقت نہیں۔ 18 دسمبر کو فلم کی ریلیز تک یہ واضح نہیں ہوگا کہ وولورین واقعی ڈاکٹر ڈوم کے خلاف مرکزی کردار ادا کرے گا یا صرف ایک مختصر منظر میں دکھائی دے گا۔ مارول کی جانب سے دونوں امکانات کو رد نہیں کیا گیا۔