زیارت کراس پر 1.2 ارب روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

کوئٹہ میں 51.6 ملین کی اسمگل شدہ اشیا ضبط، سوست ڈرائی پورٹ پر سگریٹ فلٹرز کی تیاری میں استعمال 319 ملین کا خام مال ضبط


بزنس رپورٹر November 10, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان کسٹمز نے زیارت کراس پر تقریباً 1.2 ارب روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرلی، ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن (ڈی ای ایس) کولپور، کوئٹہ میں 51.6 ملین روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کرلی جبکہ سوست ڈرائی پورٹ پر سگریٹ فلٹرز کی تیاری میں استعمال ہونے والے خام مال کی مشتبہ کھیپ کی نشاندہی ہوئی جس میں 319 ملین روپے کے ڈیوٹیز اور ٹیکسز داوٴ پر لگے ہوئے ہیں۔

ایف بی آر کے ماتحت ادارے کسٹمز کے مطابق منشیات کی ایک بڑی کارروائی کے دوران، فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ (ایف ای یو) زیارت کراس، کلکٹریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ)، کوئٹہ نے ٹویوٹا ہائی لکس ریوو گاڑی کے خصوصی طور پر تیار کردہ خفیہ خانوں سے 42.891 کلوگرام ہیروئن برآمد کی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ شدہ مالیت 1.2 ارب روپے ہے جب کہ گاڑی کی مالیت تقریباً 20 ملین روپے بتائی گئی ہے۔

ضبط شدہ سامان اور گاڑی کی مجموعی مالیت 1.22 ارب روپے بنتی ہے گاڑی میں سوار دونوں افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں کسٹمز ایکٹ، 1969 اور کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ، 1997 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ چھ ہفتوں سے بھی کم عرصے میں ایف ای یو زیارت کراس کی جانب سے منشیات کی یہ تیسری بڑی برآمدگی ہے۔

ایک اور اہم کارروائی کے دوران، ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن (ڈی ای ایس ) کولپور نے کوئٹہ۔سبی روٹ پر ایک مسافر گاڑی کی چیکنگ کے دوران 51.6 ملین روپے مالیت کی (سی آئی ایف ویلیو 36.1 ملین روپے) غیر ملکی ساختہ اسمگل شدہ اشیاء ضبط کرلی ہیں۔

ضبط شدہ سامان میں تقریباً 500 کلوگرام سیلولوز ایسیٹیٹ ٹو (Cellulose Acetate Tow) شامل ہے، جس کی مالیت 50 ملین روپے ہے، جبکہ 30 بھارتی ساختہ کیٹامین انجیکشنز، چینی نمک، پوست کے بیج، غیر ملکی سگریٹ، کاسمیٹکس، کنفیکشنری اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔

دس روز سے بھی کم عرصے میں ڈی ای ایس کولپور کی جانب سے سیلولوز ایسیٹیٹ ٹو کی یہ دوسری بڑی ضبطی ہے۔ اس سے قبل 31 اکتوبر 2026 کو 73 ملین روپے مالیت کی تقریباً 730 کلوگرام سیلولوز ایسیٹیٹ ٹوبرآمد کی گئی تھی اس لحاظ سے دونوں کارروائیوں میں ضبط شدہ سامان کی مجموعی مالیت 108 ملین روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔  یہ تازہ کارروائی حال ہی میں بھرتی ہونے والے سب انسپکٹرز اور سپاہیوں نے انجام دی، جو فیلڈ فارمیشن کی بڑھتی ہوئی آپریشنل صلاحیت کا مظہر ہے ۔

سلک روٹ ڈرائی پورٹ، سوست پر پاکستان کسٹمز نے ایک کنٹینر سے تقریباً 23,800 کلوگرام مشتبہ سیلولوز ایسیٹیٹ ٹو کے علاوہ کاسمیٹکس، پرفیومز، موبائل فون کی بیٹریاں اور سرکٹ بریکرز برآمد کیے۔ برآمد شدہ سامان کی تخمینہ شدہ مارکیٹ ویلیو 75 ملین روپے ہے، جبکہ اس پر واجب الادا ڈیوٹیز اور ٹیکسز کا تخمینہ 319 ملین روپے لگایا گیا ہے جس کا بڑا حصہ مشتبہ سیلولوز ایسیٹیٹ ٹو سے متعلق ہے۔

کنٹینر کا معائنہ 07 نومبر 2026 کو کیا گیا، جبکہ برآمد شدہ مواد کی درست ساخت اور درجہ بندی کا تعین کرنے کے لیے اس کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں۔