چشمہ 5 ملک کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے، تعمیر سے عوام کو سستی بجلی دستیاب ہوگی، وزیراعظم

وزیراعظم نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو قابل فخر سنگ میل قرار دیا


اسٹاف رپورٹر November 10, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے تعاون سے میانوالی میں تعمیر ہونے والے پاکستان کے سب سے بڑے نیوکلیئر پاور پلانٹ کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی مدد سے عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میانوالی میں چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ کی ڈوم کا افتتاح کیا اور اس کی تنصیب کو قابل فخر سنگ میل قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو پاک چین لازوال دوستی اور عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان توانائی کے تحفظ، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے معاملے میں کردار ادا کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور توانائی کے شعبے میں خودکفیل، ماحول دوست ملک بنانے کے لئے مقامی وسائل، انسانی سرمائے سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس تقریب میں شرکت میرے لیے مسرت کا باعث ہے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پلانٹ ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے، جولائی 2023 میں اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی وہ شریک تھا اور پورے یقین کے ساتھ کہا تھا کہ پاکستان کسی کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ  اپنی محنت اور انتھک کوششوں کے ذریعے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج ساڑھے 3 سال سے بھی کم عرصے میں مقررہ وقت سے پہلے ڈوم کی تنصیب اس عزم کی عملی عکاسی ہے۔ پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات، لگن اور محنت سے اہم سنگ میل حاصل ہوا ہے۔

شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ انشاء اللہ مقررہ وقت سے پہلے فعال ہوجائے گا اور پھر عوام کو صاف، قابل اعتماد سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی، اس کی مدد سے ایسی بجلی تیار کی جائے گی جسک ے بعد درآمدی ایندھن کی قیمتوں پر انصار ختم ہوجائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سستی بجلی کی پیداوار سورج کی روشنی یا ہوا کی دستیابی سے مشروط نہ ہو بلکہ رات بھر فیکٹریوں کو رواں رکھے، اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور طلبہ کو روشنی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، اس کے عوام اور معیشت کے لئے توانائی کے تحفظ کا یہی حقیقی مفہوم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ملک کی حیثیت سے خصوصی ذمہ داری ہے کہ توانائی کے لیے ایسے حل تلاش کیے جائیں جو معاشی مقاصد کے حصول کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کوئی بھی قوم اپنے حال کو محفوظ بنائے بغیر خوشحال مستقبل تعمیر نہیں کر سکتی، ملکی ترقی کی بنیاد امن و استحکام سے ہے جو کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک قیادت میں بہادر مسلح افواج نے یقینی بنایا ہے۔

وزیراعظم نے ایک بار پھر معرکہ حق کی عظیم کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پرعزم قیادت میں پوری قوم نے اپنی بہادر مسلح افواج کی جرأت، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کا مشاہدہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہی عزم ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس میں پاکستان اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اعتماد کے ساتھ ترقی کی رفتار تیز کرنے کے قابل ہو رہا ہے، ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مشترکہ اقدامات میں فیلڈ مارشل کے فعال اور ثابت قدم کردار پر شکر گزار ہوں۔

شہابز شریف نے چشمہ فائیو کی تنصیب پر چین کے صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ چین کے انجینئرز نے شدید گرمی اور سردی میں پاکستانی انجینئرز کے شانہ بشانہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور سونے و ہیرے سے زیادہ قیمتی ہے، یہ دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے حتیٰ کہ اس ڈوم کو جوڑنے والے سٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے، چشمہ-5 کا یہ ڈوم دنیا کے سامنے دونوں ملکوں کی منفرد دوستی کی ایک بلند اور نمایاں علامت کے طور پر موجود ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ فائیو کی تنصیب سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کا عملی قدم ہے جس سے دونوں ممالک کی شراکت داری کی حقیقی قوت کی عکاسی ہوگی اور اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے جبکہ عوام کے روشن مستقبل کی ضمانت ہوگی۔ 

شہباز شریف نے چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی، چائنا نیوکلیئر کارپوریشن، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی، انجینئر سمیت دیگر کو سنگ میل پر مبارک باد دی۔