عثمان خواجہ نے لارڈز ٹیسٹ سے متعلق بھی پینڈورا بکس کھول دیا

آسٹریلوی سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے 2023 کی ایشز سیریز کے دوران لارڈز ٹیسٹ سے متعلق انکشاف


ویب ڈیسک November 11, 2026

آسٹریلوی سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انکشاف کیا ہے کہ 2023 کی ایشز سیریز کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں جونی بیئرسٹو کے متنازع رن آؤٹ کے بعد ایم سی سی کے ایک رکن نے ان پر نسل پرستانہ جملے کسے۔

عثمان خواجہ نے اپنی خود نوشت ’صبر‘ میں واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا کہ جب آسٹریلوی کھلاڑی لنچ کے وقفے میں پویلین واپس آ رہے تھے تو لارڈز کے لانگ روم میں موجود بعض ایم سی سی ارکان نے ان کے اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اور گالیاں دیں۔

اسکائی اسپورٹس کی نشر کردہ فوٹیج میں بھی دیکھا گیا تھا کہ خواجہ ایک رکن کے سامنے رک کر اس سے بات کرتے ہیں جبکہ بعد ازاں وہ ایک دوسرے رکن کی نشاندہی کرتے ہوئے اسٹیورڈز کو اس کے رویے سے آگاہ کرتے ہیں۔

عثمان خواجہ کے مطابق انہیں ایک موقع پر خاموش رہنے اور منہ بند کرنے کا کہا گیا۔ تاہم، وہ یقین سے نہیں بتا سکے کہ یہ الفاظ کس رکن نے کہے تھے۔

انہوں نے اپنی کتاب میں لکھا کہ ان ارکان نے اپنا اصل کردار ظاہر کر دیا تھا اور وہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو گالیاں دیتے ہوئے ’خصوصی مراعات یافتہ شرابیوں کے ایک ہجوم‘ کی طرح رویہ اختیار کر رہے تھے۔

سابق ٹیسٹ اوپنر نے واقعے کی منظرکشی کرتے ہوئے لکھا کہ وہاں موجود افراد ایسے متحد ہو کر گالیاں دے رہے تھے جیسے کتوں کا کوئی غول اپنے شکار پر جھپٹنے کے لیے تیار ہو۔ ان کے بقول ابتدا میں وہ یہ سب سن کر حیرت اور صدمے کی کیفیت میں صرف ہنس دیے۔

واضح رہے کہ لارڈز ٹیسٹ کے فوری بعد میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے نامناسب رویے پر تین ارکان کو معطل کر دیا تھا۔ تحقیقات کے بعد چار ماہ بعد ایک رکن کو کلب سے نکال دیا گیا جبکہ دو دیگر ارکان پر بالترتیب ساڑھے چار سال اور ڈھائی سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔