سکھر:
سکھر میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا آتش بازی کا سامان برآمد کرکے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی سی سیکشن تھانے کی حدود پرانا سکھر میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جہاں سے بھاری مقدار میں آتش بازی کا سامان تحویل میں لیا گیا۔
برآمد کیے گئے سامان کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکھر کے سٹی بائی پاس پر واقع پاکستان کلب کے شادی ہال میں دیوالی کی تقریب کے دوران آتش بازی سے آگ لگ گئی تھی، جس کے نتیجے میں فرنیچر اور سجاوٹ سمیت قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا، جبکہ دو افراد زخمی ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ کارروائی کو پاکستان کلب میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد آتش بازی کے سامان کے خلاف شروع کیے گئے اقدامات کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔