صدر پاکستان کے قافلے کی گاڑی ٹھٹھہ میں خراب ہونے کا انکشاف؛ اعلیٰ سطح تحقیقات کا حکم

تحقیقات میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ ناکارہ اور خراب گاڑی صدارتی قافلے میں کیسے شامل ہوئی؟


ساجد رؤف November 11, 2026

کراچی:

صدر پاکستان کے دورہ ٹھٹھہ کے دوران صدارتی قافلے میں شامل گاڑی خراب ہونے کے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔

اس حوالے سے  آئی جی سندھ نے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ آئی جی سندھ کے حکم پر تشکیل دی گئی انکوائری کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ ڈی آئی جی لاجسٹکس زبیر دریشک اور ڈی آئی جی فنانس تنویر عالم اوڈھو بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ صدارتی قافلے میں شامل ٹویوٹا ریوو ڈبل کیبن گاڑی میں خرابی پیدا ہوئی تھی۔

تحقیقات میں اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ ناکارہ اور خراب گاڑی صدارتی قافلے میں کیسے شامل ہوئی؟ حکم نامے کے مطابق گاڑی کے معائنے اور ڈیوٹی پر تعیناتی کے ذمہ دار افسران کی نشاندہی کی جائے گی، جبکہ گاڑی میں پہلے سے موجود تکنیکی خرابیوں اور مرمت کے ریکارڈ کی بھی جانچ ہوگی۔

حکم نامے میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے بجٹ اور فنڈز کے استعمال کی تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ایس ایس یو میں گاڑیوں کی مرمت، ایندھن اور گاڑیوں کی خریداری کے اخراجات کی جانچ ہوگی، جبکہ غفلت کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔

انکوائری کمیٹی سے وی آئی پی اور وی وی آئی پی قافلوں میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات بھی طلب کی گئی ہیں۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ 7 روز میں تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات پیش کرے۔