اسلام آباد ہائیکورٹ نے لکی مروت کے شہری کا اسلام آباد کا ڈومیسائل بنانے کی ہدایت 

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر  نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے، نواب کے بچوں نے خود آنے کے بجائے کلرک بھیجا ہے


فیاض محمود November 11, 2026

اسلام آباد ہائیکورٹ نے لکی مروت کے شہری حماد اللہ کی اسلام آباد کے ڈومیسائل بنوانے کی درخواست پر سماعت کے دوران  ڈی سی آفس کو پانچ روز میں شہری کا ڈومیسائل بنانے کی ہدایت  کردی۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کلرک عدالت میں پیش ہوئے، ڈی سی آفس کی جانب سے عدالت میں کلرک کی نمائندگی پر چیف جسٹس برہم ہوگئے۔

کلرک نمایندہ ضلع انتظامیہ  نے کہا کہ دوسرے ضلع سے این او سی کے بعد ایک سال بعد ڈومیسائل بنتا ہے، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے  استفسار  کیا کہ آپ کون ہیں، آپ کا کیا عہدہ ہے، کلرک نے  جواب  دیا کہ میں ایل ڈی سی کلرک ہوں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر  نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے، نواب کے بچوں نے خود آنے کے بجائے کلرک بھیجا ہے، نہ ڈی سی آیا، نہ سپرنٹنڈنٹ اور نہ اے سی، بلا لیں ڈی سی کو، جب این او سی آگیا تو کیا وہ ایک سال انتظار کرے گا، پانچ روز میں شہری کو ڈومیسائل نہ بنا کر دیا تو ڈی سی ذاتی حیثیت میں پیش ہو۔

عدالت نے ہدایت کے ساتھ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔