پنجاب حکومت کا کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کا منصوبہ بدانتظامی کا شکار

وزیراعظم شہباز شریف کے بارہ سال قبل شروع کیے گئے مفت ادویات کے منصوبے کو بدانتظامی نے بحران سے دوچار کردیا


جمیل مرزا November 11, 2026

پنجاب حکومت کا کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کا منصوبہ بدانتظامی کا شکار ہوگیا۔۔۔ خون کے کینسر سی ایم ایل میں مبتلا ہزاروں مریض گزشتہ پانچ ماہ سے زندگی بچانے والی مفت ادویات سے محروم ہیں، جون سے بند ہونے والی ادویات کی سپلائی تاحال بحال نہ ہوسکی، لاہور کے میو ہسپتال سے دیگر سرکاری ہسپتالوں کو بھی ادویات کی فراہمی بند ہونے کے باعث راولپنڈی سمیت پانچ بڑے مراکز کے مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے بارہ سال قبل شروع کیے گئے مفت ادویات کے منصوبے کو بدانتظامی نے بحران سے دوچار کردیا۔۔۔ سی ایم ایل یعنی خون کے کینسر میں مبتلا مریض ٹاسیگنا (نیلوٹینیب) اور نیلو سیگنا جیسی اہم ادویات کے حصول کے لیے سرکاری ہسپتالوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔

میو اسپتال لاہور، نشتر ہسپتال ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں بھی مذکورہ ادویات دستیاب نہیں، راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں بھی ادویات کی فراہمی بند ہے، جہاں مریضوں کو پاکستان بیت المال سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

ہولی فیملی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر اعجاز بٹ نے میو ہسپتال لاہور سے ادویات کی سپلائی بند ہونے کی تصدیق کردی۔

ان کے مطابق لاہور کے میو ہسپتال سے کینسر کی ادویات کی فراہمی جولائی سے بند ہےاربوں روپے کے صحت منصوبوں کے دعووں کے باوجود خون کے کینسر میں مبتلا مریض اپنی زندگی بچانے والی بنیادی ادویات کے منتظر ہیں۔