30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کا کراچی میں باقاعدہ آغاز

چیمپئن شپ میں پروفیشنلز، سینئر امیچرز، جونیئر امیچرز، لیڈیز امیچرز، ویٹرنز اور پرو امیچرز کیٹیگریز شامل ہیں


زبیر نذیر خان November 11, 2026

30ویں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپئن شپ کا کراچی گالف کلب میں باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

بدھ کو افتتاحی تقریب میں کمانڈر کراچی اور کراچی گالف کلب کے صدر وائس ایڈ مرل فیصل عباسی مہمان خصوصی تھے۔

وائس ایڈ مرل فیصل عباسی نے چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا جس میں ایک کروڑ 41 لاکھ روپے کی ریکارڈ انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

ہول ان ون کا کارنامہ انجام دینے والے گالفر کو  لگژری کار بطور انعام دی جائے گی۔

چیمپئن شپ میں ملک بھر سے معروف  گالفرز شریک ہیں۔ چیمپئن شپ میں پروفیشنلز، سینئر امیچرز، جونیئر امیچرز، لیڈیز امیچرز، ویٹرنز اور پرو امیچرز کیٹیگریز شامل ہیں۔

72 ہولز کے پروفیشنل، امیچر، سینئر امیچر ایونٹس 12 سے 16 نومبر تک کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل  اور اختتامی تقریب 15 نومبر کو طے ہے۔

اس موقع پرچیف آف دی نیول اسٹاف مہمان خصوصی  ہوں گے۔

واضح رہے کہ چیمپئن شپ کے مقابلے 4 نومبر سے جاری ہیں، سینئر خاتون گالفر حمیرا خالد نے ویمن ایونٹ اپنے نام کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) آفتاب احمد خان نے ویٹرنز کا گراس ایونٹ جیت لیا۔

دریں اثنا افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل فیصل عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نے کھیلوں کو تقویت دینے میں قومی ذمہ داری ادا کی ہے، آئندہ بھی کھیلوں سمیت مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔