پیٹرول سستا ہونے پر پشاور میں بیشتر پمپس نے فروخت بند کردی

رات تک قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی کا انتظار کیا جا رہا ہے، شہری پیٹرول کے حصول کیلئے خوار ہوگئے


ویب ڈیسک November 11, 2026

پشاور:

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پشاور کے بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی سپلائی بند کردی گئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق حاجی کیمپ، سردار گڑھی، جی ٹی روڈ، گلبہار اور ورسک روڈ سمیت مختلف علاقوں کے پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ پیٹرول پمپس پر مرمتی کام کے بورڈ آویزاں کرکے شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی سے گریز کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کا الزام ہے کہ پیٹرول سستا ہونے کے بعد پیٹرول پمپس مالکان نے مبینہ ملی بھگت سے سپلائی بند کردی ہے اور رات تک قیمتوں میں ممکنہ تبدیلی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق پیٹرول پمپس پر ہزاروں لیٹر پیٹرول موجود ہونے کے باوجود عوام کو پیٹرول فراہم نہیں کیا جا رہا۔

شہریوں نے کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپس کا دورہ کریں اور سپلائی بند کرنے والے پمپس کے خلاف کارروائی کریں۔