مصنوعی ذہانت کے دور میں صحافت کا سب سے بڑا چیلنج سچائی اور عوامی اعتماد برقرار رکھنا ہے، علی ڈار

ویڈیوز جعلی بنائی جاسکتی ہوں اور آواز کی نقل ممکن ہو تو صحافیوں کےلیے خبر کی تصدیق، سچائی کی پہچان سب سے اہم مہارت ہے


ویب ڈیسک November 11, 2026

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں صحافت کا سب سے بڑا چیلنج سچائی اور عوامی اعتماد کو برقرار رکھنا ہے، جب ویڈیوز جعلی بنائی جا سکتی ہوں اور آواز کی نقل ممکن ہو تو صحافیوں کے لیے خبر کی تصدیق اور سچائی کی پہچان سب سے اہم مہارت ہے۔

لاہور میں گوگل اور ٹیک ویلی کے زیر اہتمام ڈیجیٹل صحافت امپیکٹ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے تحت اب تک پاکستان بھر میں 4 ہزار سے زائد صحافیوں اور طلبہ کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام نے صحافیوں کو خبر کی تصدیق اور مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز تک رسائی فراہم کی ہے۔

علی ڈار کا کہنا تھا کہ اے آئی صرف ٹیکنالوجی کا نام نہیں بلکہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تربیت، مہارت اور اعتماد بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اے آئی ایک طاقتور قلم ضرور ہے، لیکن سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہمیشہ صحافی کی اپنی اقدار اور پیشہ ورانہ دیانت داری نے کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا نمایاں اے آئی سے ہم آہنگ صوبہ بنایا جائے۔

علی ڈار نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں ڈھائی سال کے دوران پنجاب میں ہماری حکومت نے اپنا لوہا منوایا ہے۔ ہمارے ناقدین بھی قائل ہیں کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت کی کارکردگی کا پاکستان بھر میں کوئی ثانی نہیں۔