مولانا فضل الرحمان کے ساتھ تحریک چلانا ابھی قبل از وقت ہے،  بیرسٹر گوہر

مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقاتوں کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس کے معاملات پر تبادلہ خیال تھا


ویب ڈیسک November 11, 2026
(فوٹو: فائل)

اسلام آباد:

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ تحریک چلانا ابھی قبل از وقت ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کی خواہش تھی کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاسی اتحاد قائم ہو، تاہم فی الحال ان کے ساتھ مشترکہ تحریک شروع کرنے کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دونوں جماعتیں جوائنٹ اپوزیشن کا حصہ ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقاتوں کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس کے معاملات پر تبادلہ خیال تھا۔ مشترکہ اپوزیشن میں مولانا اور پی ٹی آئی ایک ساتھ ہیں، لیکن اس سیاسی ہم آہنگی کو تحریک کی شکل دینے کے لیے ابھی وقت موزوں نہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم خوش آئند ہے اور امید ہے کہ اس مرتبہ عدالتوں کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔