راولپنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کا پہلا سیشن سری لنکا نے اپنے نام کرلیا۔
مہمان ٹیم نے 114 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر کھیل کا آغاز کیا تو 155 کے مجموعی اسکور پر محمد عباس نے کامیندو مینڈس کی وکٹ حاصل کر کے ان کی دھننجیا ڈی سلوا کے ساتھ 90 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا۔
تاہم پاکستانی بولرز کو اس کے علاوہ کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔
سری لنکا نے کھانے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں اور اسے فالو آن سے بچنے کے لیے صرف 13 رنز درکار ہیں۔
دھننجیا ڈی سلوا 87 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں اور دوسرے اینڈ پر کپتان کوشال مینڈس ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 21 رنز بنا چکے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور ثاقب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل (93)، طیب عارف (57)، عرفات منہاس (52)، محمد طحہٰ (51) اور کپتان بابر اعظم (50) نے نصف سنچریز اسکور کیں۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا 3، 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔