روس کے لیے جاسوسی کا الزام، برطانیہ میں امریکی فوج کا سینئر اہلکار گرفتار

اہلکار کو برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعات ایک اور تین کے تحت حراست میں لیا گیا ہے


ویب ڈیسک November 11, 2026

لندن: برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے روس کے لیے جاسوسی کرنے کے شبہے میں امریکی فوج کے ایک 41 سالہ سینئر اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتاری منگل کو انگلینڈ کے علاقے گلاسٹر کے قریب عمل میں آئی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق لندن کی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے بتایا کہ اہلکار کو برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعات ایک اور تین کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔

برطانوی قانون کی دفعہ ایک کا تعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے سے ہے، جبکہ دفعہ تین کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنے سے متعلق ہے۔

پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے سلسلے میں گلاسٹر شائر کے دو مقامات پر تلاشی بھی لی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ گرفتاری کسی دوسری جاری تحقیقات سے منسلک نہیں ہے۔

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اس گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک اہم کارروائی ہے اور جاسوسی کے الزامات امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔

تاحال برطانوی حکام نے گرفتار اہلکار کے خلاف الزامات کی مزید تفصیلات یا مبینہ جاسوسی کی نوعیت ظاہر نہیں کی۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا اہلکار پر باضابطہ فردِ جرم عائد کی گئی ہے یا نہیں۔